اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر نے کہا ہے کہ باقی ماندہ 131 میں 101 پراپرٹیز31 مارچ 2014 تک پی ٹی سی ایل کو منتقل کردی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی سی ایل کو پراپرٹیز کی منتقلی کے بارے میں وفاقی وزیر خزانہ کی زیرصدارت اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کیا، اجلاس میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی زاہد حامد، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن، سیکریٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
نجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد زبیر نے بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بتایا کہ 101 پراپرٹیز کی منتقلی کے بعد اتصالات سے پی ٹی سی ایل کی نجکاری کے 80 کروڑ ڈالر کے واجبات کی وصولی آسان ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ پراپرٹیز کی جلد ازجلد منتقلی کے حوالے سے نجکاری کمیشن صوبوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے چیئرمین نجکاری کمیشن کو ہدایت کی کہ وفاقی حکومت کے وعدے کے مطابق پی ٹی سی ایل کو پراپرٹیز کی منتقلی کیلیے کام تیز کیا جائے۔