پی ٹی سی ایل نجکاری؛ اتصالات واجبات کا تنازع حل کے قریب پہنچ گیا

PTCL

PTCL

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی حکومت نے ناقابل انتقال جائیداد کی رقم واجبات سے منہا کرکے اتصالات سے بقایا جات وصول کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے تاہم حتمی فیصلہ حکومتی سطح پرہونے والے اجلاس میں منظوری کے بعد کیا جائے گا۔

نجکاری کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ اتصالات سے پی ٹی سی ایل کی نجکاری کی مد میں 80کروڑ ڈالر کے بقایاجات کی وصولی کے لیے پیپر ورک تقریباً مکمل کرلیا گیا ہے اور توقع ہے کہ اب یہ معاملہ جلد حل ہو جائے گا اور اتصالات سے بقایاجات وصول کر لیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی سی ایل کی قابل انتقال جائیدادیں تقریباً اتصالات کو منتقل کی جا چکی ہیں اورچند ایک اختتامی مراحل میں ہیں جبکہ ناقابل انتقال جائیدادوں کی نشاندہی کرلی گئی ہے جن کی تعداد 25کے قریب ہے لہٰذا اب یہ طے کیا گیا ہے کہ جو جائیدادیں ٹرانسفر نہی ہوسکتیں ان کی ویلیو ایشن کا تعین کرکے رقم اتصالات پر عائد 80کروڑ ڈالر کے واجبات سے منہا کردی جائے گی اور باقی رقم وصول کر لی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق اس معاملے میں جہاں جائیدادوں کی ویلیو ایشن کے حوالے سے کام جاری ہے تو وہیں اتصالات کے ساتھ واجبات کی ادائیگی میں تاخیر کی مد میں کچھ زرتلافی کی رقم کو بھی شامل کرنے پر بات ہورہی ہے تاہم اس بارے میں اتصالات حکام کی جانب سے ابھی کسی قسم کی رضامندی ظاہر نہیں کی گئی البتہ معاملہ جلد حل کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کے حکومتی اجلاس میں غور کیا جائے گا اور حتمی منظوری کی صورت میں اس بارے میں مزید پیشرفت ہوگی۔