تحریک انصاف کا 100 موٹر سائیکلوں کا قافلہ اسلام آباد روانہ

PTI

PTI

کشمور (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نوشہر وفیروز کا 100 موٹر سائیکلوں پر مشتمل قافلہ ضلعی سینئرنائب صدر کی قیادت میں اسلام آباد روانہ ہوگیا، ضلعی صدر ڈاکٹر راشد محمود نے قافلے کو روانہ کیا، ڈاکٹر راشد محمود نے بتایا کہ پہلا قافلہ سینئر نائب صدرنوشہروفیروز الطاف میمن کی قیادت میں روانہ ہوا ہے جبکہ دوسرا قافلہ سینئر صوبائی رہنماحمزہ خان کی قیادت میں 12 اگست کو اسلام آباد کے لئے روانہ ہوگا، جس میں سیکڑوں موٹرسائیکلیں، درجنوں کاریں اور بسیں شامل ہوں گی، انہوں نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدرنادر اکمل لغاری اور جنرل سیکریٹری حفیظ الدین ان سے تعاون نہیں کررہے ہیں۔

من پسند لوگوں کو نوازاجارہا ہے، ہمیں گاڑیاں تو دور کی بات پارٹی جھنڈے تک نہیں دئیے گئے، ہم نے اپنے وسائل اور اپنی مدد آپ کے تحت پہلا موٹر سائیکل قافلہ روانہ کردیا ،انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ثابت کردیا کہ اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

دریں اثناء 14 اگست کو اسلام آباد میں ہونے والے لانگ مارچ کے سلسلے میں کشمور میں تحریک انصاف کی جانب سےپی ٹی آئی کے کارکنوں نے ریلی نکالی، ریلی شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچی، اس موقع پر پی ٹی آئی کے ضلعی نائب صدر محمد حسین اور جنرل سیکریٹری ادب حسین مزاری نے کہا کہ 14 اگست کے لانگ مارچ میں کشمور کے کارکنان بڑی تعداد میں شرکت کرینگے۔