کراچی (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے ڈی جی رینجرز کے بیان کے خلاف مذمتی قرارداد سندھ اسمبلی میں جمع کرا دی ہے۔
تحریک انصاف کے ارکان سندھ اسمبلی خرم شیرزمان، ثمر علی اور حفیظ الدین نے الطاف حسین کے بیان کے خلاف مذمتی قرارداد جمع کرادی ہے۔ مذمتی قرارداد جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے اراکین کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن کے لئے رینجرز نے اہم کردار ادا کیا لیکن ایک برطانوی شخص مسلح افواج پر سنگین قسم کے الزامات لگا کر قومی اداروں کے تشخص کو نقصان پہنچارہا ہے۔
تحریک انصاف کے اراکین سندھ اسمبلی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو بھی الطاف حسین کے بیان کے خلاف اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔ پی ٹی آئی کے ممبران اسمبلی نے الطاف حسین کے خلاف مذمتی قرارداد کی کاپی برطانوی قونصل خانے میں بھی جمع کرائی۔