اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف اور عوامی نیشنل پارٹی نے سرحدی کشیدگی اور لائن آف کنٹرول کی صورت حال پر وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کر لیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈراور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اجلاس میں شریک ہونگے۔ عمران خان نے وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں شاہ محمود قریشی کی شرکت کی منظوری دے دی ہے، جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کی جانب غلام احمد بلور پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں شریک ہونگے۔
وزیراعظم نواز شریف نے پاک بھارت سرحد پر کشیدگی اور لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر پیر کو پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس طلب کر رکھا ہے، اجلاس پیر کی صبح وزیراعظم سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ہو گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز رائیونڈ میں اڈا پلاٹ پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے مودی کو للکارتے ہوئے کہا تم لیڈر نہیں انتہا پسند ہوں اگر دوستی کرنا چاہو گے تو تیار ہیں لیکن کشمیر کا مسئلہ حل کرنا ہو گا ۔ کشمیریوں کی آواز کو تم بندوقوں سے بند نہیں کر سکتے۔
بھارتی فوج نے معصوم کشمیری بچوں کی آنکھوں میں چھرے مارے۔ بھارت میں کوئی واقعہ ہو تو ساری انگلیاں پاکستان پر اٹھا دی جاتی ہیں ۔ اڑی واقعے کا الزام پاکستان پر لگا دیا گیا اس سے بڑا جھوٹ نہیں ہو سکتا۔ مودی کان کھول کر سن لو پاکستانی قوم ایک ہے۔ بھارت کو کشمیریوں کو حقوق دینے پڑیں گے ۔ کشمیریوں اور پاکستانیوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ مودی تم صرف انتہا پسندوں کو خوش کرنے کے لیے دھمکیاں دیتا ہے۔