تحریکِ انصاف 30 اپریل کو بلدیاتی انتخابات کے لیے تیار

Election

Election

اسلام آباد (جیوڈیسک) صوبہ خیبر پختونخوا کی حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی نے گزشتہ روز بدھ کو اعلان کیا کہ وہ تیس اپریل کو صوبے میں بلدیاتی انتخابات کروانے کے لیے تیار ہے اور الیکشن کمیشن اس سلسلے میں اقدامات کرے۔ یہ فیصلہ پی ٹی آئی کی دو روزہ کور کمیٹی کے اجلاس کے اختتام پر کیا گیا۔

تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ انہوں نے ای سی پی اور نیشنل ڈیٹا بیس منیجمنٹ اتھارٹی (نادرا) سے کہا تھا کہ وہ صوبائی حکومت کو بایومیٹرک الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں کا استعمال کرنے کی اجازت دی جائے، لیکن انہوں نے اس معاملے میں کوئی دلچسپی نہیں لی۔ پارٹی کی کور کمیٹی نے اجلاس کے بعد جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز میں ای سی پی اور نادرا کی جانب سے جواب نہ دینے پر مایوسی کا اظہار کیا۔

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ کمیٹی نے ای سی پی کو باضابطہ طور پر کہا کہ انتخابات کے عمل کو تیز کیا جائے، کیونکہ خیبرپختونخوا حکومت صوبے میں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کرچکی ہے۔ کمیٹی نے وفاقی حکومت سے یہ بھی کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی کو مکمل طور پر اپنے ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت دی جائے۔ پارٹی نے اپنے اراکین کو قومی اسمبلی میں آئین میں ترمیم کا ایک بل پیش کرنے کی ہدایت کی۔

پی ٹی آئی کے اس اعلان کے بعد اب توجہ صوبہ پنجاب اور سندھ پر ہوگی جو اب تک ایک مہینے یا اس سے زائد کے عرصے میں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کروانے سے انکار کرتے رہے ہیں۔ خیال رہے کہ بلوچستان وہ واحد صوبہ ہے جہاں پر گزشتہ سال سات دسمبر کو بلدیاتی انتخابات ہوچکے ہیں۔ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی تھی کہ وہ 15 نومبر تک باقی تین صوبوں میں انتخابات کا شیڈیول کا اعلان کرے۔