اسلام آباد (جیوڈیسک) جوڈیشل کمیشن کے قیام کا آرڈیننس جاری ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی میں واپس آئیں یا نہیں؟ فیصلہ آج کیا جائے گا۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کور کمیٹی کا اجلاس آج بنی گالا اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے،اجلاس میں جوڈیشل کمیشن کے قیام کے بعد قومی اسمبلی میں واپسی پر مشاورت کی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ قومی اسمبلی میں واپسی کے معاملے پر تحریک انصاف میں اختلاف رائے پایا جاتا ہے۔
پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی کی اکثریت کا مؤقف ہے کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام سمیت تمام مطالبات منوا لیے گئے ہیں، اب ایوان میں واپس جانا چاہیے۔ پارٹی کے وہ رہنما جو پارلیمنٹ کا حصہ نہیں، ان کی اکثریت قومی اسمبلی میں فوری واپسی کی مخالف ہے۔
ان کا مؤقف ہے کہ جب تک جوڈیشل کمیشن کے نتائج سامنے نہیں آ جاتے، قومی اسمبلی میں واپس نہیں جانا چاہیے۔ تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی اسلام آباد میں طویل احتجاجی دھرنے سے قبل مستعفی ہو گئے تھے تاہم ان کے استعفے منظور نہیں کیے گئے تھے۔