اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کا پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاجی دھرنا جاری ہے ، دھرنے کے شرکاء صحت و صفائی کا مناسب بندوبست نہ ہونے کی وجہ سے متعدد بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے گند سے اٹی ہوئی سڑک پر جا بجا بکھرے ہوئے کاغذ رات بھر ہلہ گلہ کرنے کے بعد کچھ کارکن نظر آئے کرسیوں پر دراز ، باقی جسے جہاں جگہ ملی وہ وہیں سما گیا۔
دھرنے کے شرکاء کیلئے اسلام آباد راولپنڈی کے مخیر حضرات ، رفاعی تنظیموں اور مقامی قائدین اور کارکنان کی طرف سے ناشتہ کا انتظام کیا گیا۔ ناشتہ کے بعد کارکنان تازہ دم ہو کر خیموں اور درختوں کے نیچے پناہ لئے ہوئے ہیں۔
دھوپ ، گرمی اور حبس کے باعث دھرنے کے شرکاء کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ صحت و صفائی کا کوئی انتظام نہیں ، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہیں جس سے تعفن پھیل رہا ہے۔ دھرنے کے شرکاء کھانسی ، پیٹ اور جلدی امراض میں مبتلا ہونے لگے ہیں۔
پی ٹی آئی ہیلتھ سیل کی ڈاکٹر روبینہ فرید نے دھرنے کے شرکا کو ماسک پہننے اور نمکول استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین جلسہ گاہ میں اپنے کنٹینر میں موجود ہیں ، عمران خان کا دوپہر کے بعد کارکنوں سے خطاب متوقع ہے۔