اسلام آباد (جیوڈیسک) شاہراہ دستور پر پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کا احتجاج جاری ہے ، کارکنوں نے قبروں کی کھدائی شروع کر دی، شاہراہ دستور کو مکمل طور پر خالی نہیں کیا گیا ہے۔
منہاج القرآن اور مختلف رفاعی تنظیموں نے دھرنے کے کارکنوں میں ناشتہ تقسیم کیا۔ دھرنے کی جگہ پر کوڑا کرکٹ کے ڈھیر بھی دیکھنے میں آئے۔ کارکنوں کو سخت موسم کے ساتھ ساتھ صحت و صفائی کے مسائل کا بھی سامنا ہے۔
دھرنے کے شرکا جلدی بیماریوں گلے کے انفیکشن اور پیٹ کے امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ عوامی تحریک نے کارکنوں کے لئے موبائل میڈیکل سینٹرز قائم کر رکھے ہیں جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
دوسری طرف سپریم کورٹ کی ہدایت کے باوجود شاہراہ دستور آج بھی مکمل طور پر خالی نہ کرائی جا سکی۔جج صاحبان کو سپریم کورٹ جانے کیلئے کابینہ سیکرٹریٹ والا دروازہ استعمال کرنا پڑا، پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں نے قبروں کی کھدائی بھی شروع کر دی ہے اکثر کارکن کھدائی کے بعد قبروں میں لیٹ گئے۔