تحریک انصاف بھمبر کے جلسہ کی جھلکیاں

Bhimber

Bhimber

بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ٭قائدتحریک انصاف آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا جاتلاں جبی پنجیڑی، چھپراں ،سوکاسن، ڈھیری وٹاں، سیرلہ، میرپور چوک، سماہنی چوک، لاری اڈہ اور میلاد چوک میں بھرپور استقبال کیا گیا۔

٭ میرپور چوک سے بیرسٹر سلطان محمود کو سینکڑوں موٹر سائیکل کی ریلی میں شہر بھر کا چکر لگا کر پنڈال تک لایا گیا۔
٭ جاتلاں سے بھمبر شہر تک استقبالیہ پینا فلیکس، بینرز لگائے گئے تھے اور متعدد مقامات پر استقبالیہ گیٹ بنائے گئے تھے۔
٭بھمبر شہر میں تحریک انصاف کے پرچموں کی بہار دکھائی دے رہی تھی
٭ پنڈال میں تقریباً دو ہزار کرسیاں لگی ہوئی تھیں اُس کے باوجود کثیر تعداد میں لوگ پنڈال میں کھڑے ہو کر جلسہ سنتے رہے۔
٭ نوجوانوں نے پی ٹی آئی کے جھنڈے سروں پر باندھ رکھے تھے اور اپنے گلوں میں لٹکا رکھے تھے
٭ جلسہ کا آغاز 12:30پر تلاوت کلام پاک سے ہوا
٭سابق سینئر وزیر چوہدری صحبت علی کے دیرینہ ساتھی چوہدری محمد نجیب ایڈووکیٹ نے پیپلز پارٹی چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا اور کہا کہ 2011 کے معاہدہ کے مطابق چوہدری انوار الحق کو اپنے بڑے بھائی ڈاکٹر انعام الحق کی حمایت کرنی چاہیے۔
٭ پنڈال میںپی ٹی آئی کے ترانے بجتے رہے جس پر نوجوان رقص کرتے رہے۔
٭ اسٹیج سیکرٹری چوہدری عتیق الرحمان نے جلسہ کو پی ٹی آئی یوتھ کے نام کرنے کاا علان کیا
٭ پنڈال میں موجود ہزاروں لوگوں نے کھڑے ہو کر ڈاکٹر انعام الحق کی پی ٹی آئی میں شمولیت کی تائید کی
٭ جلسہ گاہ میں موجود واحد خاتون کائنات حبیب نے جوشیلی تقریر کی اور نعرے لگوائے۔
٭بیرسٹر سلطان کی تقریر سے قبل شامیانوں کا ایک حصہ تیز ہوا کے باعث اکھڑ گیا جسے یوتھ کے نوجوانوں نے فوری طور پر درست کر دیا،
٭ شامیانہ گرنے کے باعث لوگوں نے دوڑیں لگا دیں لوگوں کو روکنے کیلئے فوری طور پر کائنات حبیب کو ڈائس پر بلا لیا گیاجو لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی
٭ سابق بیورو کریٹ چوہدری عنایت اللہ کی تقریر کے دوران کرپشن کے خلاف جہاد کرنے کی بات پر پنڈال میں بیٹھے لوگ ہنس پڑے
٭پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے لوگ نزدیکی بلڈنگوں کی چھتوں پر بیٹھ کر جلسہ کی کارروائی سنتے رہے
٭ بیرسٹر سلطان نے ڈاکٹر انعام الحق کی شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے جس پر حاضرین نے انہیں خوب داد دی،
٭پیپلز پارٹی ، نون لیگ کو چھوڑ کردرجنوں راہنمائوں نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔
٭ سٹیج پر چوہدری ظفر انور، چوہدری غلام حسین، چوہدری مرید حسین، عبدالرئوف کاشر، چوہدری عنایت اللہ، چوہدری ریاض کسگمہ اور دیگر نمایاں تھے
٭ جلسہ کی صدارت صوبیدار محمد نذیر نے کی۔
٭ خراب موسم کے باوجود لوگوں کی بڑی تعداد نے جلسہ میں شرکت کی۔
٭ بیرسٹر سلطان محمود سمیت سٹیج پر بیٹھے دیگر افراد ہفت روزہ شان کوٹلہ کا مطالعہ کرتے رہے۔۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بھمبر ( ڈسٹرکٹ رپورٹر)قائد تحریک انصاف آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت کرپشن کی وجہ سے ملک چھوڑ کر بھاگ چکی ہے اگلی باری ن لیگ کی ہے۔پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن دونوں نے مک مکا کیا ہوا ہے اور باری سسٹم بنا رکھا ہے۔پاکستا ن میںعمران خان آیا تو ہم نے بھی چوروں اور ٹھگوں سے عوام کونجات دلانے کے لیے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی ،چوہدری صحبت علی مرحوم کی لوگوںکی خدمت کے مشن کی تکمیل کے لیے چوہدری انوار الحق کی سیٹ دی لیکن اب وقت بدل گیا ہے ،بھمبر کی سیٹ کا خود پہرا دوں گا چوہدری صحبت علی مرحوم کی روح ہمیں دیکھ رہی ہے یہ سیٹ ڈاکٹر انعام الحق کا حق ہے بھمبر کی تینوں سیٹیں تحریک انصاف جیتے گی ان خیالات کا اظہار بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے سابق سینئر وزیر چوہدری صحبت علی کے صاحبزادے اور چئیر مین گڈ گورنس پی پی آزادکشمیر و سابق سپیکر اسمبلی چوہدری انوار الحق کے بڑے بھائی مرکزی نائب صدر پی پی ڈاکٹر انعام الحق کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقعہ پر پائلٹ ہائی سکول گرائونڈمیں ایک بڑے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقعہ پر ڈاکٹر انعام الحق چوہدری نے سابق صدر بار و چوہدری صحبت علی کے دیرینہ ساتھی چوہدری نجیب ایڈووکیٹ اور سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ،حلقہ بھمبر میں اسکیموں کے نام پر کشمیر کونسل کے بارہ کروڑ روپے خرچ کیے جارہے ہیں۔پی پی کی حکومت بھی کروڑوں کے فنڈز خرچ کر رہی ہے ،کارکن مطمئن رہیں لوٹ مار کرنے والے مجید اور فاروق حیدر کے حواریوںسے میرپور چوک میں حساب لیں گے انہوں نے کہا کہ لوگوں کے ضمیروں کو خریدا نہیں جاسکتا۔میرپور کی سیٹ پر میرے خلاف ایک ارب روپیہ خرچ کیا گیا۔لیکن شکست فاروق حیدر اور مجید کا مقدر بنی۔ بھمبر میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان محمود نے کہا پاکستان تحریک انصاف کے جوانوں، ڈاکٹر انعام الحق ،چوہدری نجیب ایڈوکیٹ و دیگر کی شمولیت پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔اور تحریک انصاف میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتا ہوں ۔ان کے آنے سے ضلع بھمبر کا تھوڑا بہت فرق بھی دور ہو گیا ہے۔ضلع کی تینوں سیٹیں ساتھ لے کر جا رہا ہوں۔ڈاکٹر صاحب صحیح سیا سی رہنماء اور کارکن ہیں۔انہوں نے زندگی بھمبر کے لوگوں کے لیے وقف کر رکھی ہے۔میں نے خود اُن کو دعوت دی ہے۔آپ نے جس طرح توثیق کی ہے آپ کو مبارکباد دیتا ہوں اِس وقت PTIآزاد کشمیر کی سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے۔۔بیرسٹر سلطان محمود نے کہا آج میر ے لیے خوشی اور اطمینان کا وقت ہے ، لوگ ٹھگوں کو ماننے کے لیے اب تیار نہیں ہیں ۔آج بھمبر کی سیٹ انوار الحق کے بڑے بھائی چوہدری انعام الحق کو دے رہا ہوں ۔باقی دونوں کا فیصلہ آپ عوام پر چھوڑتا ہوں۔اگر آپ نے اُن کو ووٹ دیا تو اِس کا مطلب ہے کہ آپ نے مجید اور فاروق حیدر کا ساتھ دیا۔اُنہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہو ں کہ آج نئی ابتداء ہوئی ہے کہ انشاء اللہ پی ٹی آئی عروج تک جائے گی،پیپلز پارٹی اور ن لیگ کو امیدوار تک نہیں ملے گا۔آزاد کشمیر میں عمران خان کے ویژن کو لانا چاہتے ہیں۔عام آدمی کے حالت بدلنا چاہتے ہیں۔نوجوانوں کے اُن کے حقوق دینا چاہتے ہیں ۔کرپشن لوٹ مار کا خاتمہ چاہتے ہیں۔جس بیدردی سے چوہدری مجید اور راجہ فاروق حیدر پیسہ لوٹ رہے ہیں ۔میرپور چوک میں اِن کے حواریوں سے ایک ایک پیسہ کا حساب لوں گااُنہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر کی عوام کو یقین دلاتا ہوں کے اُنہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔کشمیر کی آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔کنیڈا،امریکہ،یورپ،مشرق وسطیٰ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے اور آئندہ بھی کروں گا۔اُنہوں نے پی ٹی آئی میں شامل ہونے والوں سے کہا کے وہ مزید محنت کریں ۔اپنی صفوں میں اتحا د پیدا کریں ۔گھر گھر پی ٹی آئی کا پیغام پہنچائیں تو ن لیگ اور پی پی پی والے نظر نہیں آئیں گے۔۔اُنہوں نے کہا کہ آپ جوق در جوق پی ٹی آئی میں شامل ہوں آج سے رکنیت سازی کا اعلان کرتا ہوں 15ستمبر تک تنظیم سازی مکمل کریں گے۔آئندہ الیکشن کے بعد ایسی حکومت بنائیں گے جو عام آدمی کی حالت بہتر بنائے اور کرپشن ختم کرئے۔ جلسہ سے چوہدری محمد نجیب ایڈووکیٹ ،راجہ جاوید پنجیڑی ،چوہدری عنایت اللہ برنالہ ،چوہدری رزاق سماہنی،عبدالرئوف کاشر ،چوہدری ریاض کسگمہ،راجہ عدنان پرویز پنجیڑی،محترمہ کائنات حبیب نے بھی خطاب کیا۔