کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے نو منتخب جنرل سیکریٹری سردار عبدالعزیزنے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کراچی کی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی 6ستمبر کو کراچی کے نشتر پارک میں تاریخی جلسہ کرکے پاکستان تحریک انصاف اپنی بھر پور سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔
جلسہ عام بانی پی ٹی آئی عمران خان کراچی کی عوام سے تاریخی خطاب فرمائیں گے عام انتخابات میں کراچی سے 8لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کرکے شہر قائد کے عوام کا اعتماد حاصل کیا تھا جسے ہر قیمت پر بحال رکھا جائیگا۔
ان خیالات کا اظہارسردار عبدالعزیز نے انصاف ہائوس میں جلسہ عام کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس اور جلسہ گاہ (نشتر پارک ) کے دورے پر کارکنان اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی اور پی ٹی آئی کراچی کے سنیئر نائب صدر خرم شیر زمان اور دیگر بھی موجود تھے سردار عبدالعزیز نے مزید کہاکہ کراچی کے عوام محب وطن ہیں اُن کی حب الوطنی کو چیلنج نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف عمران خان کی قیاد ت میں ملک کو کرپشن ،لوٹ مار سے پاک بنا نے کے ساتھ عوام کو انصاف کی فراہمی یقینی بنا ئیں گے سردار عبدالعزیز نے کہاکہ حکمرانوں نے کرپشن کی انتہا کردی ہے اب وقت آچکا ہے کہ ملک کو ابن شریفوں کی بادشاہت سے نجات دلا کر حقیقی جمہوریت رائج کیا جائے۔
پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری سردار عبدالعزیز نے صحافیوں کو بتایا کہ نشتر پارک کا تاریخی جلسہ آئندہ عام انتخابات کا آغاز ثابت ہوگا انہوں نے کہاکہ پاکستان زندہ باد ہمارا منشور ہے کارکنان نام نہاد جمہوریت اور لوٹ مار سے عوام کو نجات دلانے کے لئے صف بند ی کرلیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ کارکنان عمران خان کا قیمتی سرمایہ ہیں ناراض کارکنان کو منانے خود اُن کے گھروں پر جائونگا سب کو متحد کرکے کراچی کو دہشت گردی اور لاقانونیت سے پاک بنا کر خوشحال معاشرے کا قیام یقینی بنا جائیگا۔