لاہور : پاکستان تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے کہا ہے کہ تحریک انصاف جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور مذاکرات کی منکر نہیں ہے لیکن حکمران دوغلی پالیسی پر عمل پیرا ہیں وہ میڈیا پر کچھ بیان دیتے ہیں جبکہ عملی طور پر مذاکرات سے بھاگتے ہیں۔
کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سانحہ ملتان نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی یاد تازہ کر دی سانحہ ملتان میں حکمرانوں کی بدنیتی کو خارج از امکان نہیں کیا جا سکتا مسلم لیگ ن اقتدار کی خاطر کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے بزدل حکمران تحریک انصاف کے کارکنوں کے حوصلہ پست نہیں کر سکتے سانحہ ماڈل ٹاؤن اور سانحہ ملتان میں جام شہادت نوش کرنیوالے کارکنان کاخون رائیگاں نہیں جائے گا انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے کارکنوں کی اموات پر حکمرانوں کارویہ چور مچائے شور کا مصداق ہے سانحہ ملتان میں مقامی سرکاری انتظامیہ کی بدنیتی اور بدانتظامی سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔