اسلام آباد (جیوڈیسک) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصر الملک نے تحریک انصاف سے بلواسطہ یا بلاواسطہ رابطے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں۔ ممکنہ غیر آئینی اقدامات اور دھرنوں کے خلاف متفرق درخواستوں کی سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصر الملک نے اپنے ریمارکس میں کہا۔
کہ ان کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں، نہ ہی ان کا کسی جماعت سے براہ راست یا بالواسطہ کوئی رابطہ ہے۔ وہ عمران خان سے زندگی میں ایک بار ملے ہیں، یہ ملاقات اس وقت ہوئی تھی۔
جب وہ قائم مقام چیف الیکشن کمیشن تھے، اس ملاقات میں حامد خان سمیت تحریک انصاف کے دو رہنما بھی شریک تھے، اس ملاقات میں خیبر پختونخوا میں الیکٹرانک ووٹنگ سمیت دیگرانتخابی معاملات پر بات ہوئی تھی۔ اس کے بعد وہ کبھی ان سے نہیں ملے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا تھا کہ عمران خان نے ایک مرتبہ انہیں کہا تھا کہ جسٹس تصدق حسین جیلانی کے بعد آنے والے چیف جسٹس ہمارے اپنے ہیں ان سے طے ہو چکا ہے کہ وہ اس حکومت کو فارغ کردیں گے اور ان کے حکم پر ستمبر میں انتخابات ہوں گے۔