پشاور (جیوڈیسک) تحریک انصاف ڈرون حملوں کے خلاف آج نیٹو سپلائی بند کرے گی۔ پشاور میں رنگ روڈ پر عمران خان دھرنے کی قیادت کریں گے۔ شرکت کیلئے ملک بھر سے قافلے چل پڑے۔
امریکی ہٹ دھرمی کے خلاف علم بغاوت بلند کرنے والی تحریک انصاف کے امتحان کی گھڑی آن پہنچی۔ ڈرون حملوں کے خلاف احتجاجی دھرنے کی قیادت عمران خان کریں گے۔ پی ٹی آئی کے کارکن پشاور کے رنگ روڈ پر نیٹو کی سپلائی لائن کاٹیں گے۔
جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اور دیگر رہنمابھی دھرنے میں شریک ہونگے۔ ملک بھر سے تحریک انصاف کے کارکن قافلوں کی صورت میں پشاور پہنچیں گے۔ پنجاب کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز سے کارکن دھرنے میں شرکت کریں گے۔
لاہور سے مرکزی قافلہ صبح سات بجے ٹھوکر نیاز بیگ سے روانہ ہو گا۔ شیخوپورہ، گوجرانوالہ اور فیصل آباد سے قافلے بھی اس میں شامل ہوتے جائیں گے۔ پشاور کے رنگ روڈ پر کنیٹر رکھ کر اسٹیج بنا دیا گیا ہے۔ پنڈال میں چالیس ہزار کرسیاں بھی بچھ چکی ہیں۔