تحریک انصاف کا الیکشن کمیشن کے ممبران کیخلاف قرارداد جمع کرانے کا اعلان

PTI

PTI

لاہور (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن کے ارکان کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کا احتجاج اب اسمبلی کے ایوان میں بھی شدت اختیار کر رہا ہے ۔لاہور میں تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی کی سیڑھیوں پر الیکشن کمیشن کے صوبائی ممبران کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔

اپوزیشن ارکان کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ ، الیکشن ٹریبونلز کے فیصلوں کے بعد یہ ثابت ہو چکا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ممبران دھاندلی میں ملوث ہیں اس لئے اب وہ فوری طورپر مستعفی ہو جائیں۔ اپوزیشن نے مطالبہ کیا کہ اگر الیکشن کمیشن کے ممبران ازخود مستعفی نہیں ہوتے تو پھر وفاقی حکومت ان کی برطرفی کے لئے قانونی راستہ اختیار کرے اب ان ممبران کے ہوتے ہوئے صاف شفاف انتخابات نہیں ہو سکتے۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن رکن خدیجہ فاروقی کی طرف سے بھارت کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کے خلاف مذمتی قرارداد جمع کرائی گئی جبکہ جعلی کاسمٹیکس بنانے اور فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے مطالبے پر مبنی قرارداد بھی جمع کرا دی گئی ہے۔

پنجاب اسمبلی کے ایوان کو بتایا گیا کہ اکیس شوگر ملوں نے ابھی تک کسانوں کے واجبات کی ادائیگی نہیں کی جن کے خلاف کارروائی کے لئے ڈی سی اوز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔