اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ میں تحریک انصاف کی دھاندلی سے متعلق شکایت پر جواب اٹارنی جنرل نے جمع کرا دیا جس میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کی تیس نشستوں پر انتخابی عذرداریاں دائر کیں، وہ پورے ملک کے انتخابات پر کیسے انگلی اٹھا سکتی ہے۔
تحریک انصاف کی 19 انتخابی عذرداریاں نمٹا دی گئیں، گیارہ زیر التواء ہیں۔ پنجاب میں اٹھارہ نشستوں پر عذرداریوں میں سے 10 نمٹا دی گئی ہیں جبکہ آٹھ زیر سماعت ہیں۔ سندھ میں قومی اسمبلی کی چھ سیٹوں پر انتخابی عذرداریاں نمٹا دی گئی ہیں۔ خیبرپختونخوا میں چھ نشستوں پر دائر کی جانے والی تین عذرداریاں نمٹا دی گئی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبائی اسمبلیوں کی اکتیس نشستوں پر عذرداریاں دائر کی گئیں جن میں سے اکیس نمٹا دی گئیں جبکہ دس زیر سماعت ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں 28 ، خیبرپختونخوا میں 2 اور بلوچستان میں ایک انتخابی عذرداری دائر کی گئی جبکہ سندھ اسمبلی کی کسی نشست پر انتخابی عذرداری دائر نہیں کی گئی۔