فیصل آباد : وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے تحریک انصاف کے” عسکری ونگ ،،نے فیصل آباد کے بازار اور دکانیںکھلنے پردہشت گردی کا ماحول گرماکے حالات خراب کئے۔
عمران خان اپنے ہی ورکروں کی لاشیں گراکر وزیراعظم بننا چاہتے ہیں لیکن محب وطن اور غیور عوام ملک و قوم کے خلاف ہر سازش ناکام بنادیں گے۔گزشتہ روز جاری کردہ اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر مملکت نے کہا کہ فیصل آباد ایک پرامن اور صنعتی شہر ہے،یہاں کی تاجر برادری، مزدوروں، محنت کشوں اور ٹرانسپورٹروں نے جب عمران نیازی کی ملک بند کرنے کی کال مسترد کی تو خیبر پختونخواہ سے غنڈے بلواکرسڑکوں پر ٹائر جلوائے گئے۔
اینٹوں،ڈنڈوں،آہنی راڈوں اور بندوقوں کے سائے میں زبردستی دکانیں بند کرائیں گئیں جس کی وجہ سے لوگ مشتعل ہوئے،انہوں نے کہا کہ حکومت کو نشانے پر رکھ کر اپنے ہی ورکروں کی لاشیں گراکر عمران خان وزیراعظم بننے کی تگ و دو کررہے ہیں ،تحریک انصاف عملاً ”عسکری ونگ،، کا روپ دھار چکی ہے،داعش اور تحریک انصاف میں کوئی فرق نظر نہیں آرہا دونوں تشدد کے فلسفے پر عمل پیرا ہیں جنہیں حسن نثار جیسے انتہائی جھوٹے اور دریدہ دہن لوگوں کی حمائیت حاصل ہے۔
کرائے کے یہ ٹٹو ہر رات ٹی وی چینل پر بیٹھ کر حکومت بناتے اور گراتے ہیں تاہم صبح اٹھ کر انہیں معلوم ہوتا ہے حکومت گری ہے نہ ہی عوام کا مورال تاہم اس کے باوجود یہ معاندانہ اور قابل نفرین مہم چلائے ہوئے ہیں،عوام نے پی ٹی آئی کے مریل گھوڑوں کی طرح ان نیل گائیوں کو بھی مسترد کررکھا ہے۔
چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ موجودہ منتخب جمہوری حکومت کو باشعور قوم کی غیر مشروط حمائیت اور تائیدو حمائیت حاصل ہے، بنی گالہ کے سٹڈ فارم میں بیٹھے سیاسی” جنرل ،،عمران نیازی ،،کا ماضی قریب میں بھی جرنیلوں نے ساتھ نہیں دیا تھا اور اب بھی کوئی ایمپائر ان کی طرف دیکھنا بھی پسند نہیں کرتا۔
قربانیوں کی لازوال داستان شجاعت کے تمغے سینے پر سجانے والے پاک فوج کے سربراہ اور جوان دہشت گردی کے خلاف سرگرم عمل ہیں اور وہ سیاسی چھینا چھپٹی کے مکروہ کھیل کا حصہ کبھی نہیں بنیں گے۔