اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ ہمار ایجنڈا جمہوریت کی بنیاد ہے۔ صحت، تعلیم، رہائش اور روزگار کی فراہمی آئینی طور پر حکومت کے ذمہ ہے لیکن بد قسمتی سے حکومتوں نے اس سے پہلے یہ ذمہ داری نہیں نبھائی۔
حکومتی وزراء کی پریس کانفرنس پر تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں ہمیں دو بنیادی نکتے سمجھ میں آئے، وہ یہ کہ وزیروں کو خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی پر اعتراض تھا، ان کے اعتراض کا جلد ایسا جواب دیں گے جس سے ان کی تشفی ہو جائے گی۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ سادہ سی بات یہ ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے کچھ تو ایسا کیا ہے جس کی وجہ سے عوام اس کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ پختونخوا کی روایت رہی ہے کہ کارکردگی نہ دکھانے والوں کو کبھی دوبارہ منتخب نہیں کیا جاتا۔ کوئی بھی سروے اٹھا کر دیکھ لیں، تحریکِ انصاف کے مستقبل کے حوالے سے صورتحال سامنے آ جائے گی۔ تمام جائزے اشارے دے رہے ہیں کہ خیبر پختونخوا میں آئندہ حکومت بھی تحریکِ انصاف ہی کی ہو گی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وزیروں کو دوسرا اعتراض ہمارے 100 روزہ منصوبے پر تھا جو انتہائی مضحکہ خیز تھا۔ ایک طرف کہتے ہیں کہ ہمارا ویژن چھاپا ہے تو دوسری طرف کہتے ہیں کہ یہ عملی ایجنڈا نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومتی وزارا گفتگو سے پہلے فیصلہ کر لیں کہ ان کا حقیقی اعتراض ہے کیا؟ نا صرف یہ کہ یہ ہو سکتا ہے بلکہ یہ ایجنڈا پاکستان کی جمہوریت کی بنیاد ہے۔ صحت، تعلیم، رہائش اور روزگار کی فراہمی آئینی طور پر حکومت کے ذمہ ہے لیکن بد قسمتی سے حکومتوں نے اس سے پہلے یہ ذمہ داری نہیں نبھائی۔
اسد عمر نے کہا کہ تحریکِ انصاف انشا اللہ نا صرف اپنا ایجنڈا من و عن نافذ کرے گی بلکہ اس پر آئین کی روح کے مطابق عمل کرے گی کیونکہ آپ صدقِ دل سے عوام کی خدمت کرنا چاہیں تو کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہوتی، نیت صاف ہو تو نصرتِ خداوندی شامل حال ہوتی ہے۔