تحریک انصاف کا آزادی مارچ منزل کی جانب رواں دواں

PTI Freedom March

PTI Freedom March

لاہور (جیوڈیسک) آزادی مارچ کی اسلام آباد روانگی سے پہلے لاہور کا زمان پارک تیاریوں کا مرکز بنا رہا۔ روانگی سے پہلے زمان پارک میں گہما گہمی عروج پر رہی۔

خواتین کارکنوں کی بڑی تعداد بھی نظر آئی۔ چہروں پر قومی اور پارٹی پرچم پینٹ کرائے بچے توجہ کا مرکز بنے رہے۔

تحریک انصاف کے پرجوش کارکنوں نے خوب بھنگڑے ڈالے۔ پونے دو گھنٹے کی تاخیر سے دن بارہ بج کر چھتیس منٹ پر آزادی مارچ کی روانگی کا بگل بجایا گیا۔

اس سے پہلے خصوصی دعا کرائی گئی۔ عمران خان نے کارکنوں سے مختصر خطاب میں کہا کہ آزادی مارچ سے ملک میں نئے پاکستان کا سورج طلوع ہوگا۔

عوام کنٹینر اور گرمی سے ڈرنے کے بجائے ان کے ہمراہ اسلام آباد پہنچیں۔ عمران خان نے کہا کہ بزرگوں نے فرنگیوں سے آزادی حاصل کی۔ اب پاکستان کو فرعونوں سے آزاد کرائیں گے۔ آزادی مارچ میں شرکاء کا کہنا ہے کہ اگر انتظامیہ نے روکنے کی کوشش کی تو نتائج کی ذمہ دار خود ہوگی۔ آزادی مارچ کینال روڈ سے مال روڈ پہنچا۔

قافلے کی رفتار انتہائی سست ہے۔ اسلام آباد کی جانب رواں دواں کارکن جوش وخروش سے نعرے لگا رہے ہیں۔ آزادی مارچ کے شرکاء نے زمان پارک سے چیئرنگ کراس کا فاصلہ 5 گھنٹے میں طے کیا. چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اپنے رفقاء کے ہمراہ ٹرک پر سوار ہیں. عمران خان مال روڈ پر لگے درختوں‌ پر سے جامن اتار اتار کر کارکنوں میں تقسیم کر رہے ہیں۔