تحریک انصاف کو ملنے والے فنڈز میں خرد برد سے متعلق درخواست سماعت کیلئے منظور

PTI

PTI

اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو ملنے والے فنڈز میں خرد برد کی تحقیقات کے لئے دائر درخواست سماعت کے لئے منظور کرلی۔

چیف الیکشن کمیشن سردار رضا محمد خان نے پارٹی فنڈز میں خرد برد کے حوالے سے تحریک انصاف کے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے معاملے کی جانچ پڑتال سے متعلق درخواست کو قابل سماعت قرار دے دیا۔ چیف الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو سیاسی جماعتوں کے مالی معاملات اور فنڈز کی جانچ پڑتال کا اختیار حاصل ہے۔ درخواست کی باقاعدہ سماعت 10 نومبر سے ہوگی۔

سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ ہم نے جوثبوت الیکشن کمیشن میں جمع کرائے ان کی جانچ پڑتال ہوگی، پارٹی فنڈز میں خردبردکے معاملے پر وہ امریکی عدالت بھی جائیں گے۔ اس موقع پر اکبر ایس بابر کے وکیل احمد حسن شاہ نے کہا کہ پارٹی میں فنڈز کی چھان بین الیکشن کمیشن کاحق ہے، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی سے یکم اپریل کو ریکارڈ مانگا جو نہیں دیا گیا، اب تحریک انصاف کو ملنے والے غیر قانونی پیسے کی تحقیقات ہوں گی۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے سابق نائب صدر اکبر ایس بابر نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ تحریک انصاف کی قیادت نے پارٹی فنڈز میں بڑے پیمانے پر خرد برد کی، جس کی تحقیقات کرائی جائے۔