اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے زیر صدارت اسلام آباد میں اہم اجلاس ہوا جس میں شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، چودھری سرور، نعیم الحق، شیریں مزاری اور عارف علوی سمیت اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق امور پر غور کیا گیا جبکہ مقدمات کا سامنا کرنے والے کارکنوں کے تحفظات کا جائزہ بھی لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے 6 فروری کو عوام کے معاشی استحصال اور حکومتی پالیسیوں کیخلاف ملک گیر مظاہروں کا فیصلہ کیا ہے۔
6 فروری بروز ہفتہ کو حکومتی پالیسیوں خصوصا گیس ٹیکس، اورنج ٹرین منصوبے اور غیر شفاف نجکاری کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی نہ کرنے اور ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے خلاف بھی احتجاج کیا جائے گا۔ احتجاج کی تفصیلات سے کل میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔
اجلاس سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف غریب عوام کو غلط حکومتی پالیسیوں کا نشانہ نہیں بننے دے گی۔ ٹیکس ایمنسٹی سکیم ایک خاص طبقے کو فائدہ پہنچانے کے لیے لائی گئی ہے۔ ٹیکس دہندگان پر مزید ٹیکس لگانا نا انصافی ہے۔