گجرات (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کا سونامی آج گجرات سے ٹکرائے گا،انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی، ستر ہزار افراد کی گنجائش والے ظہور الہی سٹیڈیم میں دس ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں، جلسہ گاہ میں داخلے کے لئے آٹھ دروازے ہیں، طبی امداد کے لئے پانچ میڈیکل کیمپ بھی لگائے گئے ہیں۔
ظہور الہی سٹیڈیم میں تحریک انصاف کے جلسے کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں، ستر ہزار افراد کی گنجائش والے سٹیڈیم میں دس ہزار کے قریب کرسیاں لگائی گئی ہیں۔ سٹیڈیم میں داخلے کے لئے 8 دروازے ہیں جن میں سے ایک دروازہ پارٹی رہنماؤں، ایک دروازہ فیملی جبکہ چھ دروازے عام افراد کے لئے مخصوص کئے گئے ہیں۔
سٹیڈیم کی بالکونی کو بطور سٹیج استعمال کیا جائے گا۔ پنڈال کے ارد گرد خار دار تاروں کی باڑ بھی لگائی گئی ہے۔ پنڈال میں داخلے کے لئے واک تھرو گیٹ سے گزرنا ہو گا۔ سٹیڈیم میں 130 کے قریب لائٹنگ پول بھی نصب کئے گئے ہیں۔
شہر سے جلسہ گاہ تک کے راستوں کو خیر مقدمی بینرز اور پارٹی رہنماؤں کی تصویروں والے فلیکس سے سجایا گیا ہے ۔ گجرات کی انتظامیہ نے جلسے کی سیکورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے ہیں۔ بم ڈسپوزل سکواڈ نے جلسہ گاہ کی سوئپنگ بھی کی، کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے ڈھائی ہزار سے زائد اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔