تحریک انصاف کے بھوک ہڑتالی کیمپ پر پولیس کی چڑھائی 4 کارکن گرفتار

PTI Strike

PTI Strike

نوڈیرو (جیوڈیسک) نوڈیرو میں پولیس کے خلاف لگائے گئے تحریک انصاف کے بھوک ہڑتالی کیمپ پر پولیس نے چڑھائی کرکے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے پی ٹی آئی کے چار کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے گزشتہ 10 روز سے مقامی پولیس کے خلاف بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا گیا ہے، گزشتہ رات پولیس نے اچانک بھوک ہڑتالی کیمپ پر دھاوا بول دیا اور کیمپ میں سوئے ہوئے پی ٹی آئی کے کارکنوں ابراہیم پھلپوٹہ، محمد مراد پھلپوٹہ، عبدالرشید پھلپوٹہ اور عنایت پھلپوٹہ کو گرفتار کرکے ان کے خلاف سول نافرمانی کا مقدمہ درج کرلیا، پولیس کی اس کارروائی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنماؤں اور کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا

ریلی نکالی، ریلی کے شرکاء نے پورے شہر کا گشت کر کے پولیس کے خلاف نعرے بازی کی اور ذوالفقار چوک پر دھرنا دیا، دھرنے کی وجہ سے سکھر لاڑکانہ روڈ بلاک ہوگیا، کارکنوں نے روڈ پر ٹائربھی نذر آتش کیے، تحریک انصاف کے رہنما ایوب فاروقی، راشد شاہ، شاہدعلی رند، طارق ملگانی اورداوا خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ سراسر ناانصافی ہے

پولیس نے پہلے پی ٹی آئی کے کارکنوں کے گھروں پرچھاپے مار کر دو افراد امیر بخش پھلپوٹہ اور بشیر احمد پھلپوٹہ کو بلاجواز گرفتار کرلیا اور ان کے خلاف ڈکیتی کے دو مقدمات درج کرلیے بعد ازاں اس کے خلاف کارکنوں نے پر امن بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا تو پولیس نے رات کے اندھیرے میں کارروائی کرکے چار کارکنوں کو گرفتار کرلیا، ہم اس کارروائی کے خلاف پورے سندھ میں احتجاج کریں گے اور اسی مقام پر دوبارہ بھوک ہڑتالی کیمپ لگا کر پولیس گردی کے خلاف احتجاج رکھیں گے۔