لاہور (جیوڈیسک) پاکستان پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری کا کہنا ہے کہ آزادی مارچ کے حوالے سے شہباز شریف کا جیسا رویہ ہو گا ویسا ہی جواب دیا جائے گا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعجاز چوہدری کا کہنا تھا۔
کہ تحریک انصاف نے پنجاب کے ہر ضلعہ کے اندر پی ٹی آئی کی لائرز لیگل ایڈ کمیٹیاں بنا دیں ہیں، پولیس جس طرح کریک ڈاؤن کی تیاری کر رہی ہے ہم اس کے خلاف احتجاج بھی کریں گے اور جو تھانہ ہمارے کارکنوں کو گرفتار کرے گا۔
اس تھانے کے باہر بھی احتجاج کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے وکلاء کی لائرز لیگل ایڈ کمیٹیوں کو ہدایت کر دی ہے کہ وہ متحرک رہیں اور اس سے متعلق چارا جوئی بھی شروع کر دیں۔
اعجاز چوہدری نے کہا کہ اس قسم کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں کہ صوبائی حکومت ٹرین مارچ سے قبل پٹرول پمپس بند کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تو یہ بالکل غیر قانونی فعل ہو گا۔ تحریک انصاف نے تمام پٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز مالکان سے درخواست کی ہے۔
کہ وہ حکومت کی دھمکیوں سے مت ڈریں اور تمام پمپس کھلے رکھیں، پی ٹی آئی کے رضاکار ان کے پٹرول پمپس کی حفاظت کریں گے، ہم اس ملک کے کاروبار کو چلتا رہنا دینا چاہتے ہیں، ہماری وجہ سے ایک پتہ بھی نہیں ٹوٹے گا۔
انھوں نے کہا کہ جس طرح کا شہباز شریف کا رویہ ہو گا ویسا ہی تحریک انصاف والے انھیں جواب دیں گے، یہ نہیں ہو سکتا کہ پنجاب حکومت ہم پر گملے سمیت پھول پھینکے اور ہم ان پر صرف پھول پھینکتے رہیں، کچھ نہ کچھ تو پھر ہو گا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ طاہر القادری کے خلاف مقدمے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ہمیں اس بات پر بھی تشویش ہے کہ 17 جون کو جو قتل و غارت گری ماڈل ٹاؤن میں ہوئی تھی اس کا مقدمہ آج تک درج نہیں ہوا۔