پشاور (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ جب پارٹی بنائی تو کہا گیا ڈبل پارٹی سسٹم ہے اور پی ٹی آئی نہیں چل سکے گی لیکن آج پارٹی میں آنے کے لیے لوگوں کی لائن لگی ہوئی ہے۔
پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ میں کرکٹر کامیاب اس لیے تھا کہ بڑے خواب دیکھتا تھا، میرا خواب دوسرے کھلاڑیوں سے بڑا تھا، کرکٹ کھیلنی چاہی تو کہا گیا نہیں کھیل سکتے، فاسٹ بولر بننا چاہا پھر کہا گیا نہیں بن سکتا، پارٹی بنائی کہا گیا ڈبل پارٹی سسٹم ہے نہیں چل سکے گی تاہم اب لوگوں کی لائن لگی ہوئی ہے پی ٹی آئی میں آنے کے لیے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ سارے ڈاکٹروں نے کہا کہ کینسر اسپتال نہیں بن سکتا لیکن اسپتال بنانے کا خواب دیکھا اور اسپتال بنایا جہاں 75 فیصد کینسر کے مریضوں کا مفت علاج ہوتا ہے، یہ شہباز شریف کا منصوبہ نہیں، شہباز شریف کے منصوبے اشتہاروں میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب سے چیف جسٹس نے کہا ہے کہ شہباز شریف اسپتالوں میں آتا ہے اب وہ بھی نظر نہیں آتے، شہباز شریف بہت بڑے ڈرامہ باز ہیں، شہباز شریف کہتے ہیں کراچی کو نیویارک بنا دوں گا، یہ جہاں جاتے ہیں کہتے ہیں پیرس بنا دوں گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ایسا پاکستان بنانا چاہتے ہیں جہاں غریبوں کو موقع ملے لیکن یہ چھوٹی سوچ رکھنے والے ہیں، حوالدار تبدیل کرنے کے لیے سیاست کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں بھی عالمی معیار کا شوکت خانم اسپتال بنا رہے ہیں، کے پی کے بڑے اسپتالوں کا پانچ سال پہلے کی حالت سے موازنہ کرا لیں، کے پی پولیس اس وقت پاکستان کی سب سے بہتر پولیس ہے، جو محنت کر کے اوپر آتا وہی بڑا انسان بنتا ہے۔