لاہور (جیوڈیسک) پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں تحریک انصاف کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہو گی جمعتہ المبارک کے روز دلائل مکمل کر لیں۔
سپریم کورٹ کا بنچ انتہائی سنجیدگی سے کیس سن رہا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف قانون کی کچہری میں کیس لڑ رہی ہے۔
عوامی کچہری میں بھی کیس لڑنے جا رہے ہیں۔ سات جنوری کو راجن پور، آٹھ جنوری کو بہاولپور اور پندرہ جنوری کو ڈیرہ غازی خان میں عوامی کچہری لگائیں گے۔
شیخ رشید کی جانب سے نگران حکومت کے مطالبے پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ یہ انکی رائے ہے ہم فی الحال پوری تندہی سے پناما کیس لڑ رہے ہیں۔