اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے مخدوم جاوید ہاشمی کی پارٹی کے صدر کی حیثیت سے رکنیت معطل کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق رکنیت معطلی کا فیصلہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے اجلاس میں کیا گیا اور اس کی منظوری پارٹی چیئرمین عمران خان سے لی گئی۔ ذرائع کے مطابق جاوید ہاشمی کو شوکاز نوٹس پارٹی کے جنرل سیکرٹری کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔
شوکاز نوٹس میں جاوید ہاشمی کو اسلام آباد طلب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ 29 اکتوبر تک پارٹی پالیسی کے خلاف دیے جانے والے بیانات کی وضاحت کریں۔ دوسری جانب جاوید ہاشمی نے شاہ محمود قریشی کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ واقعی عوامی نمائندے ہیں تو اپنے حلقے سے استعفیٰ دیں۔ میں ان کے حلقے سے الیکشن لڑوں گا تو پتہ چل جائے گا کہ داغی کون ہے۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی کل جمع کرائوں گا۔
شاہ محمود قریشی کو کبھی سیاسی حریف نہیں سمجھا، ملتان میں جھگڑا رہتا ہے کون مخدوم ہے کون نہیں۔ میں شاہ محمود قریشی کو چیلنج کرتا ہوں کہ ہمت ہے تو این اے 150 سے میرے خلاف الیکشن لڑیں۔ ملتان والے حقیقت جانتے ہیں کون داغی ہے اور کون نہیں۔ میں سپریم کورٹ جا کر ملتان میں شاہ محمود قریشی کی مرضی کا الیکشن کمیشن بنانے کے لئے تیار ہوں۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان بھولے آدمی ہیں، ان کو پارٹی میں استعمال کیا جا رہا ہے۔ تحریک انصاف اور عمران خان کے خلاف بہت بڑی سازش کی گئی ہے۔