پاکستان تحریک انصاف کے صدارتی انتخابات کے لئے نامزد امیدوار جسٹس (ر) وجہہ الدین احمد نے کہا ہے کہ آج اس ملک کے ایوان صدر کو ایسے شخص کی ضرورت ہے جو اس ملک میں گڈ گورنس کو فروغ دے سکے اور سپریم کورٹ کو ہر چیز پر سوماٹو ایکشن نہ لینا پڑے۔کراچی میں پریس کانفرنس سے خطا ب کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف آج بھی اپوزیشن اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ مشترکہ صدارتی امیدوار لانے کے لئے تیارہے لیکن ہماری شرط یہ ہے کہ صدارتی امیدوار کی نامزدگی کرنے والا ادارہ نیوٹرل ہو اور وہ جسے اس ملک کے مفاد میں سمجھے اسے اس انتخابات کے لئے نامزد کرے۔
صدارتی انتخابات میں بڑے پیمانے پر پیسے کا کھیل کھیلا جانا تھا تاہم سپریم کورٹ نے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرکے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ صدارتی امیدوار کو ووٹ دینے والے کسی بھی جماعت کے پارلیمنٹرین پر آئین کی آرٹیکل 63 لاگو نہیں ہوتی اور وہ کسی بھی امیدوار کو سیاسی وابستگی سے ہٹ کر بھی ووٹ دے سکتا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والوں نے عوام کے پاس سے روٹی بھی چھین لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی سے بحثیت اپوزیشن جماعت نہ تو کوئی رابطہ کیا ہے اور نہ ہی میاں رضا ربانی کو نامزد کرتے وقت کوئی رابطہ کیا تھا۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم صدارتی انتخابات کا بائیکاٹ کسی صورت نہیں کریں گے، انہوں نے کہا کہ میں الیکشن کمیشن سے استدعا کروں گا کہ آئندہ صدارتی انتخابات سے قبل 60 روز کے آپشن کو استعمال کیا جائے تاکہ امیدوار تمام اسمبلیوں میں اپنے آپ کو پیش کرسکے۔