تحریک انصاف خود انصاف کی تلاش میں سڑکوں پر آپہنچی: سردار منصور

PTI

PTI

راولپنڈی (جیوڈیسک) جو نظام اتنی بڑی جماعت کواس کا حق نہیں دلا سکتا وہ ایک غریب کے دکھوں کاکیا مداواکرے گا۔ اسی لئے ڈاکٹر طاہر القادری اس نظام کو سمندر برد کرنا چاہتے ہیں۔ حکمران کہتے ہیں کہ لانگ مارچ اور آزادی مارچ سے انارکی پھیلے گی جشن آزادی کی خوشیاں تباہ ہو جائیں گی۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سردار منصور خان نے تحریک کے تحصیلی دفترکمال آباد میں منعقد کی گئی عید ملن پارٹی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحریک کے مقامی عہدیدار علی اصغر، راجہ عصمت، ایم عثمان اورفہیم بھٹی بھی موجود تھے۔

سردار منصور خان نے کہا کہ حکومت جتنی مرضی رکاوٹیں کھڑی کر لے ،انقلاب کے متوالے ہر صورت ڈی چوک پہنچیں گے ۔کارکن قانون کی بجائے حکمرانوں کی چاکری کرنے والے پولیس افسران کا ریکارڈ رکھیں انقلاب کے بعد ان کابھرپور احتساب ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری 30 سالہ تاریخ گواہ ہے کہ ہم پرامن لوگ ہیں لیکن امن پسندی کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔

ریاستی دہشت گردی ہوئی تو بھرپور جواب دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اگر حکمران سمجھتے ہیں کہ عوام ان کے ساتھ ہے تو کوئی رکاوٹ کھڑی نہ کریں دودھ کا دودھ ،پانی کا پانی ہو جائے گا۔