کراچی (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے تحت آج کراچی میں عائشہ منزل پر انتخابی جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ عمران خان سے ملنے کے بے تاب عوام بڑی تعداد میں جلسے میں شریک ہوں گے۔ عائشہ منزل پر تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے کارکنوں کا آمنا سامنا بھی ہوگیا۔
جلسے کے انتظامات کا جائزہ لینے تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل، اسد عمر اور علی زیدی عائشہ منزل پہنچ گئے۔ عمران اسماعیل کے مطالبے پر پولیس نے عائشہ منزل پر شاہراہ پاکستان کو ٹریفک کے لئے بند کردیا۔ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ پولیس ان کے ساتھ امتیازی سلوک کر رہی ہے۔
ایم کیو ایم کے جلسے سے 24 گھنٹے قبل روڈ بند کیا گیا تھا۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا تھا کہ این اے246 کے عوام عمران خان سے ملنے کے لئے بے تاب ہیں۔ آج کے جلسے میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔
ایم کیو ایم کے کارکن بھی ریلی کی صورت میں شاہراہ پاکستان پہنچ گئے اور الطاف حسین کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔ کسی بھی نا خوشگوار صورت حال سے نمٹنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری عائشہ منزل پر موجود ہے۔ تحریک انصاف کی جانب سے جلسہ گاہ پر اسٹیج بنایا جا رہا ہے۔