پی ٹی آئی نےخیبر پختونخوا اسمبلی نہ توڑنے کی یقین دہانی کرادی، سراج الحق

Siraj-ul-Haq

Siraj-ul-Haq

اسلام آباد (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے انھیں خیبر پختونخوا کی اسمبلی نہ توڑنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا۔

کہ غزہ کی ابتر صور تحال، فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلیے 10 اگست کو اسلام آباد میں ’لبیک یا قبلہ اول‘ ریلی اور 17 اگست کو ملک گیریوم فلسطین اور کراچی میں ’غزہ ملین مارچ‘ کیا جائے گا۔

حکومت پاکستان سے پر زور اپیل ہے کہ وہ عالم اسلام کی واحد ایٹمی طاقت کی حیثیت سے امت کی ترجمانی اور رہنمائی کرے۔ فوری طورپر اسلام آباد میں اسلامی سربراہی اجلاس بلائے اور اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کاہنگامی اجلاس طلب کرے۔

سراج الحق نے کہا کہ ہم نے اپنے سیاسی ایجنڈے کوفلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے موخر کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کے نام بھی خط لکھا ہے۔

کہ اس موقع پر خاموش رہ کر صہیونی جارح کی حوصلہ افزائی نہ کریں۔ حکومت پاکستان مصرسے رابطہ کرکے رفاہ بارڈر مستقل طور پر کھلوائے اور اس راستے سے تباہ حال اہل غزہ کو بھرپور امدادی سامان ارسال کیا جائے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی جانب سے اہل غزہ کے لیے ایک کروڑ امداد کی پہلی قسط ارسال کررہے ہیں جبکہ 60 ہزار مالیت کی 6 ایمبولینسز بھجوانے کا انتظام بھی کیاجا رہاہے۔

علاوہ ازیں سراج الحق سے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی اور جماعت اسلامی کو 14 اگست کے آزادی مارچ میں شمولیت کی دعوت دی جس پرجماعت اسلامی نے سوچنے کاوقت مانگ لیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ تحریک انصاف کا خیبرپختونخوا اسمبلی توڑنے کا کوئی ارادہ نہیں۔