پشاور (جیوڈیسک) قومی وطن پارٹی کا خیبرپختونخوا حکومت میں شمولیت کا معاہدہ طے پاگیا جس کے تحت قومی وطن پارٹی کو 2 وزیر اور 2 معاون خصوصی ہوں گے۔
تحریک انصاف کے وفد نے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی سربراہی میں قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاو کے گھر پر ان سے ملاقات کی جس میں جہانگیر ترین، شاہ فرمان اور عاطف خان شامل تھے۔ ملاقات میں قومی وطن پارٹٰی کی صوبائی حکومت میں شمولیت کا معاہدہ ہوگیا جس پر پرویزخٹک اور جہانگیرترین نے دستخط کیے جب کہ قومی وطن پارٹی کی جانب سے سکندرشیرپاؤ اور انیسہ زیب طاہر خیلی نے دستخط کیے۔
ذرائع کے مطابق قومی وطن پارٹٰی کے 2 وزیر اور 2 معاون خصوصی ہوں گے جو 3 سے 4 روزمیں حکومت میں شامل ہوجائیں گے جب کہ آفتاب شیرپاو کے صاحبزادے سکندر شیرپاؤ کو سینئر وزیر بنایا جائے گا اور محکمہ داخلہ کا چارج بھی دیا جائے گا۔ قومی وطن پارٹی کو صنعت ، لیبر اور مین پاور کی وزارتیں دی جائیں گی واضح رہے عمران خان نے قومی وطن پارٹی کے وزرا کو کرپشن کے الزام میں نکال دیا تھا۔