لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) تحریک انصاف نے لاہور کے لارڈ میئر کے لیے حماد اظہر کو امیدوار بنانے پر غور شروع کردیا ہے۔
تحریک انصاف نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے لائحہ عمل کی تیاری شروع کردی ہے، وفاقی وزیر حماد اظہر کو لاہور کے لارڈ میئر کے لیے پی ٹی آئی کا امیدوار بنانے پر غور کیا جارہا ہے۔
اس حوالے سے پنجاب کے وزیر بلدیات میاں محمود الرشید متحرک ہیں اور انہوں نے ملاقاتیں بھی شروع کردی ہیں، انہوں نے لارڈ میئر کے لئے اعلی حکومتی شخصیات سے بھی مشاورت کی ہے۔ وہ وفاقی وزیر حماد اظہر سے اس معاملے پر ملاقات بھی کر چکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لارڈ میئر کے لیے صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال اور وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران کے ناموں پر بھی غور کیا جارہا ہے، پارٹی تنظیم اور حکومتی شخصیات مشاورت سے حتمی نام کی وزیراعظم سے منظوری لیں گی، پارٹی قیادت نے حماد اظہر کو نامزد کیا تو انہیں وفاقی وزیر سے مستعفی ہونا ہوگا۔