تحریک انصاف کے رہنماؤں نے مطالبات کی مشین گن چلا دی

PTI

PTI

کراچی (جیوڈیسک) اس سے پہلے پریس کانفرنس میں فیصل واڈا نے کہا کہ الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ جاری کرکے پاکستان لایا جائے۔

نائن زیرو سمیت ساری جائیداد ضبط کی جائے، جبکہ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ این اے 246 میں پریزائڈنگ آفیسر وفاق تعینات کرے، این اے246 کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے کریم آباد میں تحریک انصاف کے انتخابی کیمپ کا دوبارہ افتتاح ہوگیا ہے۔

جس کے بعد سیاست کی گرم بازاری کچھ اور بڑھ گئی، وجہ بنی پی ٹی آئی رہنماوں کی مصالحے دار گفتگو، جس کے دوران فیصل واڈا کی آتش بیانی نے سننے والوں کے کان گرم کردیئے۔ این اے 246 پر پی ٹی آئی امیدوار عمران اسماعیل بھی گرج چمک کے ساتھ برسے اور میڈیا کو بتایا کہ حلقے کے ووٹرز سے زبردستی شناختی کارڈ لینے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

الزامات اور زبانی حملوں کے اس سلسلے کو ایک نیا موڑ دیا پی ٹی آئی کے مقامی رہنما علی زیدی نے اور کہا کہ پہلے تو لوگوں کو خوف و دہشت کا جال توڑنے کا مشورہ دیا اور پھر یہ دعویٰ بھی کیا کہ جھوٹے ٹھپے لگانے والے اس بار نہیں بچیں گے۔

دوسروں کے برعکس نادر اکمل لغاری کی لائینیں ذرا نرم تھیں، وہ کراچی کو ایک نئی پہچان دینے کا عزم کرتے نظر آئے- پریس کانفرنس کے اختتام کے بعد پی ٹی آئی رہنماووں نے این اے 246حلقے میں واقع مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور ملاقاتیں کی۔

اس موقع پر امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے ضلع وسطی کے 10تھانوں کی نفری بھی موجود تھی۔