پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر شپ کیلئے تحریک انصاف کی مہر تاج روغانی اور مسلم لیگ ن کے ارباب اکبر حیات کے درمیان مقابلہ ہوا۔ پی ٹی آئی کی امیدوار ستتر ووٹ لیکر کامیاب قرار پائیں۔ ان کے مخالف امیدوار کو سینتیس ووٹ ملے۔
ووٹوں کی گنتی کے بعد مہر تاج روغانی نے خیبر پختونخوا اسمبلی کی پہلی خاتون ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کا حلف بھی اٹھا لیا۔ اس سے پہلے ووٹنگ کے دوران پی ٹی آئی ارکان کی جانب سے دکھا کر ووٹ کاسٹ کرنے پر اپوزیشن ارکان سراپا احتجا ج بن گئے۔
شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔ احتجاج کے باعث پولنگ بھی روکنا پڑی۔ اسپیکر کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ووٹ کینسل کرنے کی تنبیہہ کے بعد ووٹنگ کا عمل دوبارہ شروع ہوا۔ بیلٹ پیپر پولنگ ایجنٹ کو دکھانے پر قومی وطن پارٹی کے رکن اسمبلی بخت بیدار کا ووٹ بھی منسوخ کر دیا گیا۔