اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے عمران خان کو طالبان مذاکراتی کمیٹی میں شامل نہ ہونے کا مشورہ دے دیا۔ تحریک انصاف مذاکراتی عمل کو کامیاب بنانے اور قیام امن کیلئے طالبان اور حکومتی کمیٹی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔
تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس بنی گالہ اسلام آباد میں عمران خان کی صدارت میں جاری ہے۔ اجلاس میں شاہ محمود قریشی، جاوید ہاشمی، اسد عمر، عارف علوی، جہانگیر ترین، فوزیہ قصوری، منزہ حسن، اعجاز چودھری سمیت سینئر قیادت نے شریک کی۔
عمران خان نے طالبان کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی کیلئے اپنی نامزدگی بارے اپنے موقف سے کمیٹی اراکین کو آگاہ کیا۔ اراکین کی اکثریت نے عمران خان کو کمیٹی میں شامل نہ ہونے کا مشورہ دیا۔
کمیٹی اراکین نے امن عمل کیلئے حالیہ پیشرفت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکراتی عمل کو کامیاب بنانے اور قیام امن کیلئے طالبان اور حکومتی کمیٹی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہیں۔ ملک کی سیاسی و سیکورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔