لاہور (جیوڈیسک) پی ٹی آئی کے لاہور جلسے میں خواتین سے بدسلوکی کے معاملہ پر تحریک انصاف کی جانب سے اندراج مقدمہ کی دو درخواستیں تھانہ سول لائنز میں جمع کرا دی گئیں ، شعیب صدیقی کی درخواست میں مسلم لیگ نواز کے شرپسندوں کو نامزد کیا گیا ہے۔
اتوار کو لاہور میں مال روڈ چئیرنگ کراس پر ہونے والے تحریک انصاف کے جلسے میں پی ٹی آئی کی خواتین سے بدسلوکی کا مقدمہ درج کرانے کے لئے پی ٹی آئی کی رہنما عظمٰی کاردار لاہور کے تھانہ سول لائنز پہنچیں جہاں انہوں نے اندراج مقدمہ کی درخواست متعلقہ پولیس افسر کے حوالے کی جس میں کہا گیا ہے کہ جلسہ میں شرکت کے بعد جب وہ باہر نکلیں تو نامعلوم دس سے 12 افراد نے بدتمیزی شروع کردی ۔ بدتمیزی سے روکنے پر ملزم فحش کلامی پر اترآئے اور دھکے دئیے۔
ہاتھا پائی کے دوران خواتین کے کپڑے پھٹ گئے اور وہ خاردار تاروں پر گرنے سے زخمی ہوگئیں۔ نامعلوم ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرکےانہیں قرارواقعی سزا دلائی جائے۔ دوسری درخواست جلسہ کے ڈپٹی آرگنائزر شعیب صدیقی نے جمع کرائی ۔ شعیب صدیقی کی درخواست میں مسلم لیگ نواز کے شرپسندوں کو نامزد کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ شرپسند عناصر کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی کی جائے۔