پی ٹی آئی اراکین کو رقوم کی پیشکش کا الزام شرمناک ہے: پرویز رشید

Pervez Rashid

Pervez Rashid

اسلام آباد (جیوڈیسک) پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے الزامات پر گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان میں قانون کی حکمرانی ہے، شاہ محمود قریشی کی درگاہ ہے اور نہ ہی نذرانے کا ڈبہ کہ جس میں چونی ڈال کر دس روپے نکال لئے جائیں۔

تحریک انصاف کے اراکین کو رقوم کی پیشکش کا الزام انتہائی شرمناک ہے جس کی ہم پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی اگر قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینا چاہتے ہیں تو وہ اسمبلی کے فلور پر آکر مخدوم جاوید ہاشمی کی طرح استعفیٰ دیں، کسی نے ان کو اس اقدام سے نہیں روکا لیکن شاہ محمود قریشی کا دل ہی کررہا کہ وہ استعفیٰ دیں۔

انہوں نے کہا کہ استعفوں کی تصدیق کرنا سپیکر کا فرض ہے لیکن یہ بھی ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ پی ٹی آئی کے اراکین سے پوچھ سکتے ہیں کہ استعفوں سے متعلق ان پر کوئی دبائو نہیں ہے۔ دوسری جانب وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا مینڈیٹ چوری ہوا تو وہ ڈیڑھ سال خاموش کیوں رہے۔

اگر پی ٹی آئی اراکین مستعفی ہونا چاہتے ہیں تو انھیں کس چیز کا ڈر ہے. پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جہاں سے جیت جاتے ہیں وہاں دھاندلی نہیں ہوتی۔