کراچی (جیوڈیسک) سندھ ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں سے متعلق درخواست پر اسپیکر قومی اسمبلی،سیکریٹری خزانہ اور الیکشن کمیشن سمیت مدعا علیہان کو 3 دسمبر کے لیے نوٹس جاری کر دیے۔
جن میں انہیں 3 دسمبر کو جواب داخل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس عقیل احمد عباسی اور جسٹس جنید غفار پر مشتمل بینچ نے درخواست کی سماعت کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیاتھا کہ تحریک انصاف کے اراکین استعفے دے چکے ہیں لیکن قبول نہیں کیے جارہے، استعفے منظور نہ کر کے اسپیکر قومی اسمبلی آرٹیکل 64 کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ تحریک انصاف کے اراکین کے استعفے منظور کر کے تمام مراعات واپس لی جائیں۔ عدالت نے اسپیکر قومی اسمبلی، سیکریٹری خزانہ اور الیکشن کمیشن سمیت مدعا علیہان کو 3دسمبر کے لیے نوٹس جاری کردیے ہیں۔