اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کااستعفوں کی تصدیق کے لیے آج اسپیکر کے سامنے پیش ہونے کا امکان ہے، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے تصدیق کے لیے حتمی نوٹس جاری کر رکھا ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے حتمی نوٹس میں تحریک انصاف کے تمام مستعفی ارکان کو آج دوپہر 2 طلب کر رکھا ہے۔ اسپیکر آفس کے مطابق تحریک انصاف کے ارکان کو ایک ساتھ بلایا گیا ہے، تاہم رولز کے مطابق اسپیکر ارکان سے الگ الگ استعفے کی تصدیق کریں گے۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پہلے نوٹس میں تحریک انصاف کے مستعفی ارکان کو مرحلہ وار طلب کیا تھا، جس پر تحریک انصاف کا کوئی بھی رکن استعفوں کی تصدیق کےلیے ان کے سامنے پیش نہیں ہوا۔
تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری کہہ چکی ہیں کہ ان کے ارکان قومی اسمبلی 29 اکتوبر کو اسپیکر کے سامنے پیش ہوں گے۔ تحریک انصاف کے 31 ارکان قومی اسمبلی نے استعفے جمع کرائے تھے، جن میں سے صرف جاوید ہاشمی کا استعفا منظور کیا گیا تھا۔