پشاور (جیوڈیسک) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بجلی چوری زوروں پر ہے، تحریک انصاف کے وزرا بجلی پر ڈاکا مار رہے ہیں۔
پشاور میں پیسکو میڈیا سینٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عابد شیر علی نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے اکثر علاقوں میں لائن لاسز 90 فیصد تک پہنچ چکے ہیں، وزیراطلاعات شاہ فرمان کے علاقے میں 90 فیصد لائن لاسز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنوں کے لوگ سسٹم میں نہیں آرہے، اگر یہ لوگ سسٹم میں نہ آئے تو بجلی کاٹ دیں گے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ ایم پی اے فضل الٰہی نے پیسکو ٹیم پر بندوقیں تان لی تھیں، جو ہاتھ پیسکو اہل کاروں کے گریبان تک آیا، وہ کاٹ دیں گے،عمران خان اپنی حکومت اور علاقے پر توجہ دیں۔
عابد شیر علی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں جو لوگ بل دے رہے ہیں، ان کا حق مارا جارہا ہے، 6 مہینوں میں 13 ارب روپے کا نقصان ہوا، جہاں پر زیادہ لائن لاسز ہوں گے وہاں 20 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہو گی اور جہاں لائن لاسز کم ہوں گے وہاں لوڈشیڈنگ بھی کم ہو گی۔
وزیر مملکت پانی و بجلی کا کہنا تھا کہ میٹر ٹیمپر کرنے پر 2 سال قید کی سزا ہوگی۔عابد شیر علی نے کہا کہ ریکوری کریں گے، اگر امن و امان کا مسئلہ پیدا ہوا تو ذمے دار صوبائی حکومت ہوگی، علاقے میں نوگو ایریا ختم کیا جائے تا کہ پیسکو اہل کار وہاں جاسکیں۔