اسلام آباد (جیوڈیسک) پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت میڈیا سٹریٹجی کمیٹی کا اجلاس بنی گالہ میں ہوا۔ اجلاس میں جہانگیر ترین، اسد عمر، شاہ محمود قریشی، نعیم الحق اور شیریں مزاری سمیت مختلف رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعظم اور ان کے بچوں کے جمع کرائے گئے جوابات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سپریم کورٹ میں پاناما کیس کے مختلف نکات کے حوالے سے پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کی گئی۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سپریم کورٹ میں پاناما لیکس کیس بھرپور انداز میں لڑے گی۔
دوسری جانب، اجلاس میں متنازعہ خبر کے لیک ہونے کے معاملے کی تحقیقات کیلئے قائم کردہ کمیٹی سے متعلق مشترکہ قرارداد لانے کے لئے دیگر جماعتوں سے رابطوں کا ٹاسک شاہ محمود قریشی کو دے دیا گیا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ساری اپوزیشن جسٹس ریٹائرڈ عامر رضا کی سربراہی میں قائم کردہ کمیٹی کو مسترد کر چکی ہے، اس کے بعد اب اس کمیٹی کی کوئی اہمیت نہیں رہی۔
دریں اثناء، تحریک انصاف نے این اے 110 سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ این اے 110 پر سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کا مؤقف کو تسلیم کر لیا، عدالت نے بے ضابطگیوں کے اعتراف کیساتھ انکوائری کمیشن کی جانب سے سامنے لائی گئی خامیوں کی بھی تصدیق کی ہے۔