پی ٹی آئی کی جانب سے این اے 149 کے ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ

Elections

Elections

ملتان (جیوڈیسک) پاکستان تحریکِ انصاف نے ملتان کے حلقے این اے 149 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ پارٹی کے مشاورتی اجلاس کے دوران کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے صدر جاوید ہاشمی کے استعفے کے بعد قومی اسمبلی کی یہ نشست خالی ہو گئی تھی۔ ایک بیان میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کسی صورت بھی اس حلقے کے ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لے گی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کور کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ دوسری جانب اس حلقے میں کاغذاتِ نامزدگی جمع کروانے کا سلسلہ بھی جاری ہے، جہاں جاوید ہاشمی آج اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائیں گے۔