اسلام آباد (جیوڈیسک) عام انتخابات 2018 میں غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف پہلے اور مسلم لیگ (ن) دوسرے نمبر پر ہے، تاہم (ن) لیگ نے انتخابی نتائج مسترد کردیے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی، ایم ایم اے، ایم کیو ایم سمیت تقریبا تمام سیاسی جماعتوں نے الیکشن کی شفافیت پر تحفظات و خدشات کا اظہار کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق انتخابی عمل میں تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور ایم ایم اے سمیت کل 122 سیاسی و مذہبی جماعتوں نے حصہ لیا۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 118 نشستوں پر کامیاب ہوگئی ہے۔ مسلم لیگ (ن) 59 سیٹوں کے ساتھ دوسرے، پیپلز پارٹی 38 نشستوں کے ساتھ تیسرے اور متحدہ مجلس عمل 8 سیٹوں پر برتری کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان 7 نشستوں جب کہ 15 نشستوں آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔