اسلام آباد (جیوڈیسک) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے رابطہ کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جس طرح تحریک انصاف کے ارکان کو واپس لایا گیا ہے اسی طرح متحدہ قومی موومنٹ کو بھی ایوان میں واپس لایا جائے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان آج ملاقات کا بھی امکان ہے۔
دوسری جانب مولانا فضل الرحمان نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے ساتھ فون پر رابطہ کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے اسپیکر کو ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی کے استعفے منظور نہ کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ کے استعفوں کی تصدیق کے معاملے میں جلد بازی کی گئی ہے۔
اسپیکر ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے استعفے ابھی منظور نہیں کئے گئے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے قانونی ماہرین استعفوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔