تحریک انصاف نے ملک گیر ہڑتال اور لاہور بند کرنے کی تاریخ تبدیل کر دی

PTI

PTI

اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف نے گزشتہ روز عمران خان کی جانب سے دی گئی ملک گیر ہڑتال اور لاہور بند کرنے کی تاریخوں میں ردوبدل کر دیا ہے۔

تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر الیکشن میں دھاندلی کے خلاف ملک گیر ہڑتال اور لاہور شہر کو بند کرنے کی تاریخوں میں بھی ردو بدل کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت تحریک انصاف کی جانب سے ملک گیر ہڑتال اب 16 کے بجائے 18 دسمبر کو کی جائے گی جبکہ لاہور شہر کو 4 کے بجائے 15 دسمبر کو بند کیا جائے گا تاہم فیصل آباد اور کراچی میں احتجاج بدستور 8 اور 12 دسمبر کی تاریخ پر ہی ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 4 دسمبر کو جماعت الدعوۃ نے لاہور میں جلسے کا اعلان کررکھا ہے جس کے باعث تحریک انصاف نے جماعت الدعوۃ کی درخواست پر شیڈول میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سقوط ڈھاکا کے واقعے کو سامنے رکھتے ہوئے ملک گیر احتجاج کا فیصلہ 16 کے بجائے 18 دسمبر کو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ 15 دسمبر کو لاہور بند کرنے کا مطلب دکانیں بند کرانا نہیں ہم صرف بڑی سڑکوں پر احتجاج کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے لاکھوں کے پر امن جلسے کیے، ہم پہلے بھی پر امن تھے اور آئندہ بھی پر امن رہتے ہوئے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔