تحریک انصاف نیٹو سپلائی روکنے کیلئے آج پھر دھرنا دے گی

PTI Sit

PTI Sit

خیبرپختونخوا (جیوڈیسک) تحریک انصاف اور اتحادی جماعتیں خیبر پختونخوا کے پانچ اضلاع میں نیٹوسپلائی روکنے کیلئے آج پھر دھرنے دیں گی۔ گزشتہ روزبعض جذباتی کارکنوں نے کنٹینروں کے تالے توڑ کر تلاشی لی۔

چیکنگ سے انکار پر ڈرائیوروں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ آئی جی خیبر پختونخوا نے تشدد کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے خیبرپختونخوا کے پانچ اضلاع حیات آباد ٹول پلازہ پشاور، چارسدہ، صوابی انٹر چینج، ڈی آئی خان اور خیرآباد پل پر احتجاج اور دھرنے متعدد کنٹینر روک دیئے۔ کارکنوں نے کنٹینرزکے کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد انہیں جانے کی اجازت دی۔

تاہم اس دوران نیٹو سپلائی کا کوئی بھی کنٹینر نہیں گذرا جبکہ احتجاج کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ حیات آباد ٹول پلازہ سے زیادہ تر افغان ٹرانزٹ کا سامان لے جانے والے کنٹینر گذرتے ہیں۔

کارکنوں کی آمد سے قبل نیٹو کے چند کنٹینرز حیات آباد ٹول پلازہ سے گذرنے میں کامیاب بھی رہے جبکہ کارکنوں کی آمد کے بعدکاغذات نہ دکھانے پر کنٹینر کے ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔ نیٹو سپلائی کو روکنے کے لئے تحریک انصاف کے 50 سے 60 تک کارکنوں کو ہر پوائنٹ پر آٹھ آٹھ گھنٹے کے لئے موجود رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔