تحریک انصاف کا نیٹو سپلائی کیخلاف آج پھر دھرنا، ڈرائیور پر تشدد کی ایف آئی آر درج

PTI Protest

PTI Protest

پشاور (جیوڈیسک) تحریک انصاف اور اتحادی جماعتیں خیبر پختونخوا کے پانچ اضلاع میں نیٹو سپلائی روکنے کیلئے آج پھر دھرنے دیں گی، پشاور میں تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے ڈرائیور پر تشدد کرنے کے خلاف ایف آئی درج کر لی گئی۔

پاکستان تحریک انصاف کے کارکن خیبرپختونخوا کے پانچ اضلاع حیات آباد ٹول پلازہ پشاور، چارسدہ، صوابی انٹر چینج، ڈی آئی خان اور خیرآباد پل پر احتجاج اور دھرنے دیں گے۔ نیٹو سپلائی کو روکنے کے لئے تحریک انصاف کے پچاس سے ساٹھ کارکنوں کو ہر پوائنٹ پر آٹھ آٹھ گھنٹے کے لئے موجود رہنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔

گذشتہ روز بھی کارکنوں نے کئی کنٹینرز روکے اور گاڑیوں کے کاغذات کی چیکنگ کے بعد انہیں جانے کی اجازت دی گئی۔اس دوران نیٹو سپلائی کا کوئی کنٹینر نہیں گزرا جبکہ احتجاج کی وجہ سے لوگوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔پشاور میں حیات آباد ٹول پلازہ پر کاغذات نہ دکھانے پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے کنٹینر کے ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

واقعے کے خلاف آئی جی ناصر درانی کے احکامات پر تھانہ پشتہ خرہ میں تحریک انصاف کے پینتیس کارکنوں کے خلاف مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور ان کی گرفتاری کے لئے چھاپے بھی شروع کر دیئے گئے ہیں تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی۔