پی ٹی آئی، پی اے ٹی کو اسلام آباد میں دھرنے کی اجازت بڑی غلطی تھی

Ahmed Bilour

Ahmed Bilour

لاہور (جیوڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما غلام احمد بلور نے عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کو اسلام آباد میں مارچ اور دھرنے کی اجازت دینے کو ‘بڑی غلطی’ قرار دے دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور طاہر القادری اس وقت ‘ٹارزن اور رابن ہوڈ’ کا کردار ادا کررہے ہیں جبکہ وہ ہر صورت حکومت گرانا چاہتے ہیں اور جن سیاسی جماعتوں نے حکومت کو انہیں اسلام آباد میں مارچ کرنے کی اجازت دینے کی حمایت کی وہ غلطی پر تھیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو تحریک انصاف اور عوامی تحریک کی قیادت کو گرفتار کرلینا چاہیئے تھا۔

ان سے سوال کیا گیا کہ ایک جمہوری حکومت پی ٹی آئی اور پی اے ٹی قیادت پر پابندی یا اسلام آباد میں ان کا داخلہ کیسے روک سکتی تھی، اس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہر کسی کو دونوں پارٹیوں کے مقاصد کا علم تھا اس لیے ان کی دارالحکومت میں انٹری بند کردینی چاہیئے تھی۔

انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں کسی بھی سیاسی جماعت کو وفاقی دارالحکومت میں مظاہرے کی اجازت نہیں ہونی چاہیئے۔ اس طرح کے دھرنے کراچی، لاہور یا دیگر بڑے شہروں میں بھی ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پی ٹی آئی یا پی اے ٹی جمہوری حکومت کو اقتداد بدر کرنے میں کامیاب ہو گئی تو اس سے غیر جمہوری طاقتوں کی حوصلہ افزائی ہو گی اور وہ اسلام آباد اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر سکیں گی۔ انہوں نے اس ناثر کی نفی کی کہ اس صورت حال کے پیچھے اسٹبلشمنٹ کا ہاتھ تھا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے مطالبات پارلیمنٹ میں کبھی پیش نہیں کیے اور کبھی اپوزیشن کی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کی کوشش نہیں کی، اگر وہ اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوتے تو آج وہ جماعتیں پی ٹی آئی کے ساتھ ہوتیں لیکن آج عمران خان کی پارٹی تنہا کھڑی ہے جبکہ پی اے ٹی کا بھی یہی حال ہے۔

انہوں نے پی ٹی آئی کے دھاندلی سے متعلق الزامات پر کہا کہ ان کی پارٹی نے اپنی شکست کھلے دل سے تسلیم کی تھی جبکہ ان کے پاس کئی حلقوں میں دھاندلی کی اطلاعات تھیں تاہم کسی بھی موقع پر پی ٹی آئی کیخلاف مظاہروں کے بارے میں نہیں سوچا گیا۔

بلور نے کہا کہ وہ گزشتہ 45 سالوں سے سیاست میں ہیں تاہم انہوں نے اس انداز کی سیاست نہیں دیکھی جو پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کررہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی قوتیں آگے بڑھیں اور معاملے پر مزید سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔