تحریک انصاف نے پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے کمیشن کے ٹی او آرز تیار کرلیے

PTI

PTI

لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف نے پاناما لیکس کی تحقیقات پر بننے والے کمیشن کے لیے اپنے ٹرمز آف ریفرنس تیار کرلیے ہیں۔

تحریک انصاف نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے بننے والے کمیشن کے حوالے سے اپنے ٹی او آرز تیار کرلیے ہیں۔ ٹی او آرز معروف قانون دان حامد خان کی سربراہی میں تحریک انصاف کی قانونی ٹیم نے تیار کیے ہیں جنھیں چیرمین پی ٹی آئی عمران خان سے بھی منظور کروا لیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے تیار کردہ ٹی او آرز میں پاناما لیکس پر چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ کمیشن اتنا

بااختیار ہونا چاہیئے جو آف شور کمپنیوں میں شامل افراد کی تفتیش کرے اور اس چیز کو بھی سامنے لائے کہ ان کمپنیوں کے لیے پیسہ کہاں سے اور کیسے بھیجا گیا، اگر یہ سب غیر قانونی طریقے سے کیا گیا ہو تو ان میں شامل افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ٹی او آرز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کمیشن تحقیقات کے بعد اپنی سفارشات مرتب کرکے فوری طور پر رپورٹ منظر عام پر لائے۔

تحریک انصاف 2 مئی کو اپوزیشن پارٹیوں کے مشترکہ اجلاس میں اپنے ٹرمز آف ریفرنس پیش کرے گی جہاں ان کی منظوری کے بعد کمیشن کی تشکیل کے لیے ٹی او آرز حکومت کو پیش کیے جائیں گے۔

واضح رہے وزیراعظم نواز شریف نے پاناما لیکس پر چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں کمیشن تشکیل دینے کے لیے سپریم کورٹ کو خط لکھ رکھا ہے تاہم حکومت نے ٹرمز آف ریفرنس بنانے سے پہلے اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا جس پر اپوزیشن نے حکومتی ٹی او آرز کو مسترد کردیا تھا۔ گزشتہ روز جماعت اسلامی نے بھی پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے بننے والے کمیشن کے حوالے سے اپنے 13 نکاتی ٹی او آرز پیش کئے تھے۔